بھٹکل 30 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ تین چار دنوں سے مسلسل بارش جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک طرف عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، وہیں کئی راستے کیچڑ میں تبدیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں سخت دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ بعض علاقوں میں یو جی ڈی کے کاموں کے لئے سڑک کی کھدائی پھر گڈھوں کو مٹی ڈال کر بند کرنے کی جو کوشش کی گئی ہے،ا س کی وجہ سے اُن راستوں پر سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے اور سواریوں کا گذر بند ہوگیا ہے جس سے بچوں کو اسکول روانہ کرنے کو لے کر مکین پریشان ہیں۔
قدرتی آفات کی نگرانی کرنے والے مرکز کی مانیں تو بھٹکل، کاروار، اُڈپی اور مینگلور سمیت ساحلی کرناٹکا میں آئندہ دس دنوں تک مسلسل اور بھاری برسات جاری رہنے کے امکانات ہیں۔ ایسے میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں جل تھل ہونے کے علاوہ سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے بھی امکانات ہیں ، اس لئے عوام چوکنا رہیں۔
کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات درپیش ہونے پر اس کو سنبھالنے اور عوام کو راحت پہنچانے کے مقصد سے نیشنل ڈسیاسٹر منیجمنٹ ریسپانس فورس اور ریاستی ڈی آر ایف کو تیار رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔